نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے لاہور کے علاقے گلبرگ میں 3 جعلی کال سینٹرز پر چھاپے مار کر غیر ملکی شہریوں سے نوسربازی میں مبینہ طور پر ملوث 59 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایجنسی کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں 52 مرد اور 7 خواتین شامل ہیں۔
ایجنسی کے مطابق ملزمان غیر ملکی شہریوں کو جعلی موبائل اپ گریڈ اور سستے پیکجز کا جھانسہ دے کر لوٹتے تھے۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ایک جعلی ایپ پر رجسٹرڈ ریسٹورنٹس کا ڈیٹا ہیک کر کے ان کی ہفتہ وار ادائیگیاں اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کیں، اور یہ رقم ٹریڈنگ اور منی ٹرانسفر ایپس کے ذریعے منتقل کی جاتی تھی۔ ایجنسی کے مطابق ان سرگرمیوں سے پاکستان کی ڈیجیٹل ساکھ کو نقصان پہنچا۔
چھاپوں کے دوران کال سینٹرز سے 61 لیپ ٹاپس، 21 کمپیوٹر سسٹمز اور 52 موبائل فونز برآمد کیے گئے۔ ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سائبر فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔



0 تبصرے