وفاقی حکومت نے روزانہ قیمتوں کے نظام کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 71 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 31 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے۔ نئے نرخوں کے مطابق پیٹرول 379 روپے 31 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 390 روپے 11 پیسے فی لیٹر ہو گیا ہے، اور ان قیمتوں کا اطلاق آج 22 اکتوبر سے ہو گا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق اوگرا نے وفاقی حکومت کے مقرر کردہ پرائسنگ میکنزم کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔ قیمتوں میں تبدیلی کی وجہ عالمی منڈی میں پیش رفت، پلاٹس کی شرحوں، پریمیم اور دیگر اخراجات میں تبدیلی بتائی گئی ہے۔ پیٹرول پر عائد ٹیکسز اور ڈیوٹیز 114 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر برقرار ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی پیٹرول 88 پیسے اور ڈیزل 53 پیسے مہنگا ہوا تھا، اور نئے نظام کے تحت قیمتیں بین الاقوامی منڈی کی گزشتہ سات روز کی اوسط کی بنیاد پر روزانہ طے کی جاتی ہیں۔ پیٹرول سستا ہونے سے موٹر سائیکل اور گاڑی استعمال کرنے والوں کو معمولی ریلیف ملے گا، جبکہ ڈیزل مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹرز اور کسانوں کے اخراجات میں اضافے کا خدشہ ہے۔



0 تبصرے