وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے دوطرفہ تجارت کو اگلے دو برس میں 200 ملین ڈالر تک پہنچانے کا ہدف طے کر لیا ہے۔ موجودہ تجارت تقریباً 13.9 ملین ڈالر ہے، اور دونوں رہنماؤں نے آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں مشترکہ پریس بریفنگ کے دوران معاشی تعاون کو کئی گنا بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان 20 یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جن میں دفاع، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائبر سیکیورٹی، مصنوعی ذہانت، صحت، تعلیم، سوشل پروٹیکشن، زراعت، ماہی گیری، سیاحت، بحری سلامتی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف تعاون شامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ان معاہدوں پر عمل درآمد کی خود نگرانی کریں گے۔
یہ مالدیپ کے کسی صدر کا 11 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے، جو دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہو رہا ہے۔ صدر معیزو نے وزیراعظم کو مالدیپ کے دورے کی دعوت بھی دی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ مالدیپ میں تقریباً 250 پاکستانی ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل عملہ خدمات انجام دے رہا ہے، اور پاکستان مزید پیشہ ور افراد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔



0 تبصرے