سیالکوٹ(ملک حسن رزاق سے )ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی زیرِ صدارت ضلعی امن کمیٹی سیالکوٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، دفعہ 144 کے نفاذ اور حکومتِ پنجاب کی زیرو ٹالرینس پالیسی پر عملدرآمد سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کسی بھی اشتعال انگیز تقریر، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت یا تقسیم کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈی پی او فیصل شہزاد نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے پنجاب پولیس بھرپور ایکشن میں ہے، اور قانون شکنی یا امن دشمن سرگرمیوں پر کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدم برداشت اور نفرت پھیلانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف بھی PTA کے ذریعے کارروائی جاری ہے، تاکہ معاشرے میں امن، رواداری اور احترامِ قانون کا ماحول برقرار رہے۔24 اکتوبر تک ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔ اسی طرح چار یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے، اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال اور فرقہ وارانہ یا اشتعال انگیز مواد کی اشاعت پر بھی مکمل پابندی برقرار رہے گی۔ضلعی امن کمیٹی کے ارکان نے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے فیصلوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ میں مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور قیامِ امن کے لیے تمام مکاتبِ فکر باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔علماء کرام اور ضلعی امن کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ قیام امن کیلئے وہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کیلئے تیار ہیں۔ اجلاس کے آخر میں ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کی گئی۔




0 تبصرے