Latest News


Header Ads Widget

Responsive Advertisement

سیالکوٹ:پاکستان لٹریری سوسائٹی کے زیر اہتمام "اقبال اور عشق رسولﷺ" سیمینار کا انعقاد



 سیالکوٹ(مریم نجیب رانا سے )پاکستان لٹریری سوسائٹی کے زیر اہتمام سیالکوٹ آرٹ اینڈ کلچر سینٹر میں "اقبال اور عشق رسول (ؤﷺ)” کے موضوع پر ایک پروقار سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت سیالکوٹ آرٹ اینڈ کلچر سینٹر کے چیئرمین خالد لطیف نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض تاریخ سیالکوٹ کے مؤلف اور مرکزی صدر اشفاق نیاز نے بخوبی انجام دئیے۔اس موقع پر سیالکوٹ کے نامور شعرا کرام سید زاہد حسین بخاری، عبدالمجید صابری، رحمان امجد مراد اور صوفی حفیظ احمد قادری نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو اپنے منظوم کلام کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب کے صدر خالد لطیف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم فکر اقبال پر عمل پیرا ہو کر اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔ پروفیسر قاسم علی بٹ نے پاکستان لٹریری سوسائٹی کی جانب سے اس پرفتن دور میں اقبال اور عشق رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے موضوع پر سیمینار کے انعقاد کو علامہ اقبال سے سچی محبت کا ثبوت قرار دیا۔پروفیسر مصدق علی نے علامہ اقبال کو محض ایک شاعر ہی نہیں بلکہ ایک مفکر، مصلح، عاشق رسول (ص) اور ملت اسلامیہ کا نباض قرار دیا۔ پروفیسر شجاعت علی مجاہد نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی محبت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا اور انسان بھی نامکمل رہتا ہے۔معروف ادب شناس اور شاعر نصیر احمد بھلی نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کا ہم پر بڑا احسان ہے کہ انہوں نے ہمیں پاکستان کی تشکیل دی، لیکن اس سے بھی بڑا احسان یہ ہے کہ انہوں نے نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان ہمیں بتانے کی کوشش کی اور یہ اعزاز بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ معروف شاعر عبدالمجید صابری نے کہا کہ عشق ہر آدمی کے شعور کے مطابق ہوتا ہے اور وہ عشق، عشق نہیں ہوتا جو نتائج پیدا نہ کر سکے۔ مصنف و شاعر پروفیسر اکبر علی غازی نے اس خوبصورت تقریب کے انعقاد پر پاکستان لٹریری سوسائٹی کو خراج تحسین پیش کیا۔انگلینڈ سے تشریف لائے معروف ایجوکیشنسٹ مزمل حیدر نے زور دیا کہ فکر اقبال کی تشریح اس انداز سے کی جائے کہ نئی نسل بھی اس سے آگاہ ہو، کیونکہ اس وقت علامہ اقبال کے پیغام کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ معروف کیلیگرافر اور ماہر تعلیم عبدالوہاب نے کہا کہ شہر اقبال میں زندہ جاوید کارناموں کے حامل افراد کی پذیرائی کی جائے اور انہیں وہ مقام دیا جائے جس کے وہ حقدار ہیں۔ پاکستان لٹریری سوسائٹی کی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عینی ملک نے یقین دلایا کہ سوسائٹی مستقبل میں بھی ایسے معلوماتی سیمینارز اور تقریبات کا اہتمام کرتی رہے گی۔تقریب کے اختتام پر پاکستان لٹریری سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل ایم عابد ایڈووکیٹ نے تقریب میں شرکت کرنے والے ادیبوں، شاعروں، دانشوروں اور معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پروفیسر محمد باقر ڈار، پروفیسر عبداللہ خانزادہ، ماہر تعلیم چوہدری منور احمد گجر، حکیم حامد محمود قریشی، صحافی آصف سیٹھی، صباح الدین لائبریرین، پاکستان لٹریری سوسائٹی کے رضوان واحد (ایف بی آر انسپیکٹر)، پی ایل ایس کے ضلعی صدر پروفیسر محمد ارشد اور فوکل پرسن احسن علی احسن سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے