Latest News


Header Ads Widget

Responsive Advertisement

سوشل سیکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ کو 50 سے 100 بیڈز تک اپ گریڈ اور ری ویمپ کیا جا رہا ہے



سیالکوٹ(آوازِ سیالکوٹ : ملک حسن رزاق سے )     صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ  سوشل سیکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ کو 50 سے 100 بیڈز تک اپ گریڈ اور ری ویمپ کیا جا رہا ہے جبکہ فارورڈ سپورٹس اور سلور سٹار  میں قائم سوشل سیکیورٹی ڈسپنسریوں کو اپ گریڈ کرکے بنیادی مراکز صحت کا درجہ دے دیا گیا ہے تاکہ محنت کشوں اور ان کے خاندانوں کو بہتر طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔

یہ بات انہوں نے سوشل سیکیورٹی ہسپتال کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام، خواجہ سلطان ٹیپو، کمشنر پنجاب ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹیٹیوٹ محمد علی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اس سے قبل صوبائی وزیر نے سلور سٹار سپورٹس فیکٹری میں 2200 ورکرز میں راشن کارڈز تقسیم کئے اور فارورڈ سپورٹس اور سلور سٹار میں ڈسپنسریوں کی بنیادی مراکز صحت میں اپ گریڈیشن کا افتتاح کیا۔ ان مواقع پر چیف ایگزیکٹو فارورڈ سپورٹس خواجہ مسعود اختر اور چیئرمین سلور سٹار جہانگیر اقبال بھی موجود تھے 

صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ ادویات اور عملے کی کمی کو پورا کیا جا رہا ہے جبکہ ناروال میں سوشل سیکیورٹی ہسپتال کو بھی ڈی ایچ کیو میں  اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ خواجہ منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ سیالکوٹ کے محنت کشوں کی ہنرمندی پوری دنیا میں تسلیم شدہ ہے، ان کی خون پسینے کی کمائی سے ہی اس شہر کا نام روشن ہوا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف محنت کشوں کے لیے "راشن کارڈ" پروگرام ہر مزدور تک پہنچانا چاہتی ہیں، جس کے تحت ورکرز کو ہر ماہ تین ہزار روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ راشن کارڈ محنت کشوں پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے۔ صوبائی وزیر نے سیالکوٹ میں سلور سٹار سپورٹس فیکٹری کے دورے کے دوران 2200 ورکرز میں راشن کارڈز تقسیم کیے۔

محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ سیالکوٹ ان کا اپنا شہر ہے، یہاں کے محنت کش ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور وزیر اعلیٰ مریم نواز ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ پسرور روڈ پر لیبر کالونی کی بحالی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے