قومی اسمبلی نے جمعے کو انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے کی تحریک منظور کر لی۔ تحریک وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور نے قواعد کے تحت پیش کی، جس کا مقصد آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات کی سفارشات تیار کرنا ہے۔
تحریک کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کی مشاورت سے کمیٹی تشکیل دیں گے، جس میں دونوں ایوانوں کے اراکین تمام پارلیمانی جماعتوں کی نمائندگی کے تناسب سے شامل ہوں گے۔ کمیٹی کو انتخابی اصلاحات کے ساتھ انتخابی عمل میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال اور ضرورت کے مطابق مسودہ قانون سازی بشمول آئینی ترامیم کی تیاری کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔
کمیٹی کا کورم اس کے کل اراکین کا ایک چوتھائی ہوگا اور وہ اپنی رپورٹ اسپیکر کی مقرر کردہ مدت میں پارلیمان کو پیش کرے گی۔ کمیٹی کو ضرورت کے مطابق ذیلی کمیٹیاں بنانے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔ اجلاس میں نیشنل بک فاؤنڈیشن ترمیمی بل اور پاکستان موسمیاتی تبدیلی ترمیمی بل بھی ایوان میں پیش کیے گئے۔




0 تبصرے