پاکستان نے ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حوثیوں کے حالیہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بنگ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب پر حالیہ حملوں میں ایک پاکستانی جاں بحق اور چھ زخمی ہوئے، جن کے اہل خانہ سے ریاض میں پاکستانی مشن رابطے میں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کے سعودی عرب کے حق کی حمایت کرتا ہے، تاہم سعودی عرب کے اس الزام پر کوئی مؤقف اختیار نہیں کیا گیا کہ ایران حوثیوں کو اسلحہ اور تربیت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام دیکھنے کا خواہاں ہے اور تمام متعلقہ فریقین سے رابطے میں رہے گا۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے نو تعینات سفیر سے ملاقات میں یقین دہانی کرائی تھی کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے اور حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ سعودی زیر قیادت اتحاد کے مطابق رواں ماہ شاہ خالد ہوائی اڈے پر 20 حملے ہو چکے ہیں۔




0 تبصرے