سیالکوٹ کے علاقے کھروٹہ سیداں میں نشے کے عادی نوجوان کی فائرنگ سے ایک پولیس کانسٹیبل شدید زخمی ہو گیا، جبکہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم مرزا عاقب کے والدین نے اس کے رویے کی شکایت کی تھی، جس پر تھانہ کوٹلی لوہاراں کی پولیس ٹیم گھر پہنچی تو ملزم نے پولیس ٹیم پر سیدھی فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل غلام مصطفیٰ شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال سیالکوٹ منتقل کیا گیا۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس انسپکٹر خرم شہزاد کے مطابق پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عاقب کو گرفتار کر لیا اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے ہسپتال جا کر زخمی کانسٹیبل غلام مصطفیٰ کی عیادت کی، ان کی جرات و بہادری کو سراہا اور متعلقہ حکام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالنے والے اہلکار محکمہ پولیس کا فخر ہیں۔



0 تبصرے