نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار پیر کے روز تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کی کونسل کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ یہ اجلاس 19 اور 20 اکتوبر کو ہو رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار تاجک وزیراعظم کی دعوت پر دوشنبے گئے ہیں۔ آمد پر تاجک وزیر برائے توانائی و آبی وسائل، پاکستان کے سفیر اور تنظیم کے قومی رابطہ کار نے ان کا استقبال کیا۔
اجلاس میں بیلاروس، چین، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم، ایران کے نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ شرکت کریں گے۔ یہ کونسل تنظیم کا دوسرا بڑا فیصلہ ساز ادارہ ہے جو معیشت، تجارت، مالیات، رابطہ کاری اور سماجی ترقی پر رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
اجلاس کے موقع پر اسحاق ڈار تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ رکن ممالک کے ہم منصب وزرا سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ اجلاس میں مشترکہ اعلامیہ بھی منظور ہونے کا امکان ہے۔



0 تبصرے