سیالکوٹ (مریم نجیب سے)ـ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام "معرکۂ حق" کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر شہر میں شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور افواجِ پاکستان سے بھرپور اظہارِ عقیدت دیکھنے میں آیا۔ تقریب کے سلسلے میں پیرس روڈ کو دلکش برقی قمقموں، سبز ہلالی پرچموں اور خوبصورت سجاوٹ سے راستہ کیا گیا، جبکہ رات کے وقت شاندار آتش بازی نے آسمان کو رنگوں سے بھر دیا اور شرکاء کا جوش و خروش دیدنی رہا۔تقریب میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور علاقائی ثقافتوں کی نمائندگی کرتے رنگا رنگ ثقافتی رقص، ملی نغموں اور خصوصی پرفارمنسز پیش کی گئیں، جنہیں شہریوں نے بے حد سراہا۔ ملی نغموں کی دھنوں اور ثقافتی مظاہروں نے شرکاء میں حب الوطنی کے جذبات کو مزید اجاگر کیا۔
تقریب میں صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) دوست محمد، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی چودھری فیصل اکرام، رانا عارف ہرناہ، بیگم گلناز شجاعت پاشا، نوید اشرف، شکیلہ آرتھر، رانا شمیم احمد خان، اسسٹنٹ کمشنر صفدر شبیر، سی او میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو سمیت دیگر معزز شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "معرکۂ حق" پاکستان کی بہادر افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قومی دفاع کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن صرف ایک کامیابی کی یاد نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور استحکام کیلئے کوئی قربانی دریغ نہیں کی جائے گی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی مضبوط محافظ ہے اور پوری قوم سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہو کر ملکی دفاع اور ترقی کیلئے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
تقریب کے دوران شہر کی فضا "اللہ اکبر"، "پاکستان زندہ باد" اور "پاک فوج پائندہ باد" کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی، جبکہ شرکاء نے قومی پرچم لہرا کر اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا اور رہتی دنیا تک شاد و آباد رہے گا۔
۔۔۔۔




0 تبصرے