سیالکوٹ(خدیجہ میر سے):ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن (ڈی بی اے) سیالکوٹ کے صد ر عرفان اللہ وڑائچ اورسیکرٹری چوہدری محمد افضال اسلم نے کہا ہے کہ کشمیری عوام جس جرات اور بہادری سے مقابلہ کرتے چلے آ رہے ہیں اس کی مثال دنیا بھر میں نہیں ملتی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے وکلاءسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب صدر چوہدری حسن اکرم، جوائنٹ سیکرٹری رانا عادل خالد، فنانس سیکرٹری میاں محمد عظیم، لائبریری سیکرٹری میاں اسد اللہ، آڈیٹر، سید علی نقی بخاری، حافظ محمد رضوان، عادل مبین، عروشہ علی، شہزاد حسین جوندہ، احسان الحق، ملک شفقت علی اعوان کے علاوہ دیگر وکلاءبھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام عالم نے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم پر آنکھیں بند کر کے بھارت کو شہ دے رکھی ہے مگر پاکستانی قوم کشمیر ی عوام کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، مظلوم کشمیریوں پر ظلم کی داستان رقم کرنیوالی بھارتی سرکار کو بہت جلد گھٹنے ٹیکنا پڑیں گے اور کشمیریوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی ، تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا وقت آ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک نہ جھکیں ہیں نہ بکیں ہیں اور نہ ہی رکیں گے، انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی سامراجیت کیخلاف آواز بلند کریں۔ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن عالمی برادری کے ذریعہ پرامن و منصفانہ حل کی جانب ایک احسن قدم ہے
کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی ، جلد کشمیر سے بھارت کا غیرقانونی قبضہ ختم ہو گا، بھارت کے غاصبانہ قبضے کیخلاف قوم سیسہ پلائی دیوار ہے جو چٹان کی طرح ثابت قدم رہے گی اور انشاءاﷲ کشمیر جلد آزاد ہو گا۔
0 تبصرے