اسلام آباد: ایٹمی سلامتی کے تربیتی و معاونت مراکز کے بین الاقوامی نیٹ ورک کا پندرہواں سالانہ اجلاس آج سے اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے۔ چار روزہ اجلاس 26 نومبر تک جاری رہے گا اور اس میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے نمائندوں سمیت نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے مندوبین شریک ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں ایٹمی سلامتی کی تربیت و معاونت کو مضبوط بنانے، بین الاقوامی تعاون کے فروغ اور اس شعبے میں تجربات کے تبادلے پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس کا انعقاد بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔
پاکستان نے اس نیٹ ورک کا سالانہ اجلاس 2016 میں بھی میزبانی کی تھی، جو پہلا موقع تھا جب یہ اجلاس ویانا میں ایجنسی کے ہیڈکوارٹر سے باہر منعقد ہوا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اجلاس کی میزبانی ایٹمی سلامتی کے شعبے میں عالمی تعاون اور صلاحیت سازی کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔



0 تبصرے