برکھن: بلوچستان کے ضلع برکھن میں سابق صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کی رہائش گاہ اور اس کے آس پاس سے تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق 19 نومبر کو تمنائی کے قبرستان سے دو لاشیں ملیں، جبکہ اگلے روز حاجی کوٹ میں واقع رہائش گاہ میں کھدائی کے دوران تیسری لاش برآمد ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کی برآمدگی سے پہلے 18 نومبر کو برکھن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں سردار عبدالرحمان کھیتران، ان کے دو بیٹوں اسلام شاہ اور عبدالرؤف اور تین ساتھیوں کو قتل، اغوا اور غیر قانونی قید کے الزامات میں نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمہ پیارا خان بگٹی کی شکایت پر درج ہوا، جن کے بقول ان کے دو بیٹے کھیتران کے ہاں گارڈ تھے۔ پولیس کے مطابق رہائش گاہ کی تلاشی کے دوران چار گارڈز کو حراست میں لے کر ان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
پولیس کے مطابق تینوں لاشیں پوسٹ مارٹم اور ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے کوئٹہ منتقل کر دی گئی ہیں، اور شناخت ڈی این اے کے نتائج سے ہوگی۔ سردار عبدالرحمان کھیتران نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے پولیس کارروائی کو سیاسی قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ فروری 2023 میں بھی ان کی رہائش گاہ کے قریب کنویں سے تین لاشیں ملنے پر وہ گرفتار ہوئے تھے۔



0 تبصرے