میر رضا علی کے قتل کی تحقیقات کے لیے سندھ حکومت نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ ٹیم کی سربراہی ویسٹ زون کے ڈی آئی جی عرفان علی بلوچ کریں گے، جبکہ اس میں متعلقہ اداروں کے سینئر افسران شامل ہوں گے۔
محکمہ داخلہ نے متعلقہ اداروں کو خطوط لکھ کر 18 ویں گریڈ یا اس سے اوپر کے افسران کی نامزدگی سات روز میں مانگی ہے۔ نئی ٹیم عدالتی کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں کیس کی تحقیقات آگے بڑھائے گی۔
عدالتی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں میر رضا کی موت کو قتل قرار دیا تھا۔ نوجوان تاجر 28 جولائی کو اپنے گھر سے نکلے تھے اور اگلے روز ان کی لاش کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں جھاڑیوں سے ملی تھی۔
اس کے ساتھ ہی پولیس افسران کے کردار کی جانچ کے لیے ایک علیحدہ کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے، جو کمیشن کی رپورٹ میں نامزد افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کا جائزہ لے گی۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ٹیم کے باضابطہ اعلان تک احتجاج جاری رہے گا۔



0 تبصرے