سیالکوٹ (27 اکتوبر 2026): یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کچہری چوک سیالکوٹ میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف ضلع کی مرکزی تقریب اور احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے کی۔ ریلی میں طلبہ، اساتذہ، تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور کشمیر بنے گا پاکستان سمیت کشمیریوں کی آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر پاکستان اور کشمیر کے ترانے پیش کیے گئے جبکہ ریسکیو 1122 اور پنجاب پولیس کے دستوں نے سلامی پیش کی۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارتی غاصب افواج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر و انفورسمنٹ صولت حیات وٹو، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ صفدر شبیر، سی او میونسپل کارپوریشن اشفاق، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید احمد، سماجی رہنما اشفاق نذر اور مرزا شکور اور دیگر بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج نے ریاست جموں و کشمیر میں مداخلت کی، جس کے بعد کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی ایک طویل تاریخی جدوجہد کی صورت اختیار کر گئی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی قوم کا ہر فرد کشمیریوں کی آزادی کے لئے دعاگو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نوجوان نسل کی مسئلہ کشمیر سے وابستگی اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ کشمیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی جائز امنگوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔



0 تبصرے