اسلام آباد میں بدھ کو پاکستان اور عمان کے درمیان چھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔ یہ تبادلہ پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے موقع پر ہوا، جس کی مشترکہ صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے کی۔
دستخط شدہ دستاویزات میں مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی کارروائی کا پروٹوکول، سفارتی، خصوصی، سرکاری اور سروس پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے باہمی ویزا چھوٹ کا معاہدہ، ریکارڈ اور دستاویزات کے شعبے میں تعاون کی یادداشت، جبکہ اطلاعات و نشریات، انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، اور خبر رسانی و میڈیا تعاون پر مفاہمتی یادداشتیں شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں معاہدوں کے تبادلے کا مشاہدہ کیا۔ دونوں ممالک کے حکام کا کہنا ہے کہ ان معاہدوں سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، اور مشترکہ وزارتی کمیشن کا اگلا اجلاس 2027 میں مسقط میں ہوگا۔




0 تبصرے