سندھ کے ضلع تھرپارکر کے علاقے نگرپارکر میں ایک ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے کم از کم 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ دھماکہ بدھ کی رات ایک سرکاری طبی مرکز میں اس وقت ہوا جب مریضوں کو دوسرے اسپتال منتقل کرنے کی تیاری ہو رہی تھی۔
مختلف ذرائع کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 9 سے 10 بتائی جا رہی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک حاملہ خاتون، طبی عملے کے ارکان اور ایمبولینس کا ڈرائیور بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مٹھی اور کراچی منتقل کیا گیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے اور حفاظتی اقدامات سخت کرنے پر زور دیا ہے۔ سندھ حکومت نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی خاندان 20 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔



0 تبصرے