لاہور ہائی کورٹ میں عمران خان کی تین بہنوں کی نظربندی کے خلاف دائر رہائی کی درخواست نمٹا دی گئی۔ عدالت میں پنجاب کے ہوم سیکرٹری کی رپورٹ پیش کی گئی، جس کا جائزہ لینے کے بعد درخواست نمٹا دی گئی۔
حکومت نے عدالت کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کی سفارش پر تینوں بہنوں کی نظربندی میں مزید 30 دن کی توسیع 7 اکتوبر کو منظور کی گئی تھی۔ علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو ستمبر میں مینٹیننس آف پبلک آرڈر کے تحت حراست میں لیا گیا تھا، اور وہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ تینوں بہنوں کے نظربندی کے احکامات 19 اور 20 اکتوبر کو ختم ہو چکے تھے، اس لیے انہیں رہا کیا جائے۔ یہ درخواست علیمہ خان کے بیٹے شاہریز خان نے 20 اکتوبر کو دائر کی تھی۔
آج 28 اکتوبر کو اس معاملے میں ایک نئی درخواست بھی دائر کی گئی ہے، جس میں شاہریز خان اور سکینہ نیازی نے 7 اکتوبر کے توسیع نوٹیفکیشن کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تینوں بہنوں کی فیملی اور وکیل سے ملاقات بھی نہیں کروائی گئی۔



0 تبصرے