جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جمعرات کو ویڈیو بیان میں سرگودھا کانفرنس پر پابندیوں اور رہنماؤں و کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال دے دی۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ گھروں سے نکل کر سڑکیں، شاہراہیں اور موٹرویز بند کریں اور جمہوری حق سے محرومی پر احتجاج کریں۔
آر پی او سرگودھا سہیل سکھیرا کے مطابق ایم این اے مولانا عبدالغفور حیدری، پنجاب امیر مولانا امجد خان اور جمعیت طلبہ اسلام کے مرکزی صدر ملک اویس کو بدھ کی رات سرگودھا کے ایک گھر سے حراست میں لے کر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے نوٹس دیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ ڈویژن میں ان کی نقل و حرکت محدود کی گئی ہے۔
دوسری جانب جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ تینوں رہنماؤں کو بغیر وارنٹ گرفتار کیا گیا ہے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رہنما فوری رہا نہ ہوئے تو پنجاب حکومت نتائج کی ذمہ دار ہوگی۔
یاد رہے کہ ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے 23 نومبر کو دفعہ 144 کے تحت ضلع بھر میں سات روز کے لیے اجتماعات اور جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کی تھی۔ موٹروے پولیس نے کوٹ مومن، سالم اور بھیرہ انٹرچینج احتجاج کے باعث اگلے حکم تک بند ہونے کی اطلاع دی ہے۔



0 تبصرے