سیالکوٹ (09 نومبر 2026): ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے کہا ہے کہ حکیم الامت حضرت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال رحمۃ اللّٰہ کی بدولت آج قوم آزادی کا سانس لے رہی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی شاعری سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے اور ان کے افکار اور تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیاوی و اخروی کامیابی کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ اقبال کے موقع پر علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ کی جائے پیدائش اقبال منزل میں سالگرہ کا کیک کاٹنے کے بعد میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا ہے کہ محکمہ آثار قدیمہ پنجاب کی زیر نگرانی اقبال منزل کی مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے، انہوں نے کہا کہ پرانی عمارت کی بحالی کا کام پیچیدہ اور باریک ہونے کی وجہ سے کام کی رفتار آہستہ ہے تاہم جب یہ کام مکمل ہو جائے گا تو یہ تاریخی عمارت دیر تک محفوظ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقبال منزل کے بیرونی حصے کی بحالی مکمل ہو چکی ہے جبکہ اس روڈ پر بھی اربن سہولیات کی جدید انداز میں تکمیل ہو چکی ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر صولت حیات وٹو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز میاں سرمد حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز مزمل الیاس اور اسسٹنٹ ریکروٹنگ سیالکوٹ رانا صفدر شبیر بھی موجود تھے۔



0 تبصرے