سعودی عرب نے پاکستان کے 3 ارب ڈالر قرضے کی مدت بڑھا دی ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں اس کی تصدیق کی۔


یہ قرضہ اپریل میں متحدہ عرب امارات کو 3 ارب 50 کروڑ ڈالر کی ادائیگیوں کے لیے لیا گیا تھا اور 31 اکتوبر کو اس کی مدت ختم ہو گئی تھی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ قرضے میں مناسب مدت کے لیے توسیع کی گئی ہے، تاہم نئی مدت نہیں بتائی۔ سعودی عرب کا 5 ارب ڈالر کا الگ قرضہ پہلے ہی 2028 تک بڑھایا جا چکا ہے۔


وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب سے مزید مالی مدد کی ضرورت نہیں اور زرمبادلہ کے ذخائر تین ماہ سے زائد کی درآمدات کے لیے کافی ہیں۔ چین سے 4 ارب ڈالر اور کویت سے 30 کروڑ ڈالر کے رول اوور کی بھی یقین دہانی ملی ہے، جس سے مجموعی رول اوور 7 ارب 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ عالمی مالیاتی فنڈ کے بورڈ کا اجلاس دسمبر میں متوقع ہے، جس میں پاکستان کو 1 ارب 20 کروڑ ڈالر ملنے کی امید ہے۔